فورٹ عباس: سیٹھ عبداللہ کے زیر اہتمام تحصیل ہیڈکوارٹرز اسپتال فورٹ عباس میں تین روزہ مفت آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں مریضوں نے شرکت کی اور آنکھوں کے امراض کا معائنہ کرایا۔
کیمپ کے پہلے روز 900 سے زائد مریضوں نے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے تقریباً 400 مریضوں کو آپریشن کے لیے تجویز کیا گیا۔ ان میں زیادہ تر مریض موتیے کے مرض میں مبتلا تھے۔
کیمپ میں جدید فیکو ٹیکنالوجی کے ذریعے آنکھوں کے آپریشن کیے گئے۔ مریضوں کو آپریشن، نرم لینز اور ادویات سمیت تمام سہولیات مفت فراہم کی گئیں۔
مقامی اطلاعات کے مطابق پہلے دو روز کے دوران مریضوں کے رش کے باوجود 640 سے زائد آپریشن مکمل کیے گئے۔ آپریشن کے بعد مریضوں کے فالو اَپ معائنے، پٹیاں کھولنے اور طبی جائزے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
کیمپ کے منتظمین کی جانب سے بتایا گیا کہ طبی ٹیم 8 نومبر کو دوبارہ فورٹ عباس پہنچے گی، جہاں مریضوں کے فالو اَپ معائنے کیے جائیں گے۔